
کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے پاکستان اور کشمیر کو علیحدہ نہیں کیا جا سکتا
یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، لازوال قربانیوں اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر و پاکستان لازم و ملزوم ہیں،
کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے پاکستان اور کشمیر کو علیحدہ نہیں کیا جا سکتا۔27 اکتوبر 1947ء کشمیر کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی۔
اس روز سے جاری تنازع آج بھی خطے کے امن اور استحکام کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ کشمیری عوام نے گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ بھارتی فوجی کارروائیوں، گرفتاریوں، سیاسی پابندیوں اور بنیادی آزادیوں پر قدغنوں کے باعث کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مودی حکومت کے 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ اقدامات نے بھی کشمیر کی متنازع حیثیت اور کشمیری عوام کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے خدشات کو مزید بڑھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر، طاقت کا استعمال اور سیاسی آوازوں کو دبانے کی کوششیں کسی قوم کے حقِ خودارادیت کے مطالبے کو ختم نہیں کر سکتیں۔ کشمیری عوام کی جدوجہد محض علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانی حقوق، آزادی اور انصاف کا معاملہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور نے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرمجرمانہ کردار ادا کررہی ہےاور متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔







