Pakistanٹائٹل

پاکستان کی سلامتی کونسل میں ویٹو پاور کی توسیع کی مخالفت

اصلاحات سب کے لیے ہونی چاہئیں اور کسی کو خصوصی مراعات نہیں ملنی چاہئیں

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو پاور کی توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے جامع، جمہوری اور منصفانہ اصلاحات پر زور دیا ہے۔

پاکستانی مستقل مشن کے قونصلر گل قیصر سروانی نے کہا ہے کہ نئے مستقل ارکان کی شمولیت اور ویٹو کے استحقاق میں توسیع کی مخالفت کرتے ہیں، ویٹو پاور میں توسیع سے سلامتی کونسل میں عدم مساوات مزید گہری ہو گی۔

گل قیصر سروانی نے کہا کہ پاکستان ویٹو پاور کے خاتمے یا اس کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا حامی ہے، ویٹو پاور کا ناجائز استعمال اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے۔

پاکستان نے ویٹو کے استعمال کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بحث کے انعقاد کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

پاکستانی قونصلر نے زور دیا ہے کہ سلامتی کونسل میں منتخب ارکان کی تعداد، نمائندگی اور کردار بڑھایا جائے، سلامتی کونسل میں اصلاحات کے پانچوں نکات پر جامع پیکج کے تحت بیک وقت فیصلے کیے جائیں۔

گل قیصر سروانی نے کہا ہے کہ اصلاحات سب کے لیے ہونی چاہئیں اور کسی کو خصوصی مراعات نہیں ملنی چاہئیں۔

جواب دیں

Back to top button