
فلسطینیوں کی قربانیوں نے دنیا کو بیدار کر دیا، فلسطینی مزاحمت نے عالمی طاقتوں کو اپنی طاقت منوائی: لیاقت بلوچ
غزہ مارچ میں ہزاروں افراد کی شرکت، فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی، عالمی برادری سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ
فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی، غزہ میں جاری انسانی بحران کے خلاف آواز بلند کرنے اور فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی حمایت میں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام مال روڈ پر ’’غزہ مارچ‘‘ کیا گیا۔ مارچ میں بچوں، خواتین، نوجوانوں، بزرگوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مارچ کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کی، جبکہ قائم مقام امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء، ڈپٹی سیکرٹریز، امراء اضلاع و زونز، سیکرٹریز اور دیگر ذمہ داران بھی شریک ہوئے۔
غزہ مارچ مسجدِ شہداء مال روڈ سے شروع ہو کر اسمبلی ہال، چیئرنگ کراس تک پہنچا۔ شرکاء نے فلسطینی پرچم، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی، غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے، جنگ بندی کے مؤثر نفاذ اور فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کے حق میں مطالبات درج تھے۔
مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ فلسطینیوں کی قربانیوں نے دنیا کو بیدار کر دیا ہے، جبکہ فلسطینی مزاحمت نے عالمی طاقتوں کو اپنی طاقت منوائی ہے۔ طوفان الاقصیٰ کے تین سال مکمل ہونے پر آج دنیا بھر میں مسلمان اور انسانیت دوست قوتیں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں گزشتہ تین سال کے دوران ہونے والی تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع نے عالمی برادری کے سامنے ایک سنگین انسانی بحران کو اجاگر کیا ہے۔ خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں شہریوں کی ہلاکتیں انتہائی تشویشناک ہیں۔ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ شہری آبادی کو خوراک، صاف پانی، صحت، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلسل جنگ اور شدید مشکلات کے باوجود فلسطینی عوام نے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کی مثال قائم کی ہے۔ فلسطینیوں کی قربانیوں نے اسرائیل کی کمزوری دنیا پر عیاں کر دی ہے اور فلسطینی مزاحمت نے اسرائیل کی طاقت کو چیلنج کیا ہے۔ امریکہ کی سیاسی و عسکری حمایت کے باوجود اسرائیل عالمی سطح پر بے نقاب ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو غزہ میں جنگ بندی کے مؤثر نفاذ، فلسطینی شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کے لیے عالمی سطح پر بھرپور آواز بلند کی جائے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششیں کی جائیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ غزہ کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے میں بھی فلسطینی شہریوں کو تشدد اور فوجی کارروائیوں کا سامنا ہے۔ بچوں سمیت شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ عالمی برادری کو ان واقعات کا مؤثر نوٹس لینا چاہیے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلم ممالک کا اتحاد فلسطین سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے۔ عالمِ اسلام کی قیادت کو موجودہ حالات کی سنگینی کو سمجھنا ہوگا۔ مسلم ممالک متحد نہ ہوئے تو خطے میں تباہی کا سلسلہ بڑھتا رہے گا۔ مسلم دنیا کو فلسطینی عوام کے تحفظ اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اس تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔ سعودی عرب اور حوثیوں کے تنازع کے حل کے لیے مسلم ممالک اپنا کردار ادا کریں اور فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے مؤثر کوششیں کی جائیں۔
لیاقت بلوچ نے ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی غیر مشروط طور پر حکومت سے مذاکرات کی پیشکش کر چکی ہے، حکومت کو ان سے بات چیت کرنی چاہیے۔ ہم ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام چاہتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے کہتے ہیں کہ وعدے کے مطابق جماعت اسلامی سے بات چیت کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد لانگ مارچ مؤخر کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر احسن اقبال نے رابطہ کرکے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم کی جلد حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات ہوگی۔ حکومت کو اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں اور سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے بھی غزہ کے متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آج جماعت اسلامی کی اپیل پر ملک بھر میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مظاہرے اور احتجاجی پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے چند روز قبل بھی ملک بھر میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے خاتمے، سیاسی استحکام اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
مارچ کے اختتام پر شرکاء نے فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے، جنگ بندی کے مؤثر نفاذ، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے مطالبات کیے۔







