
مرکزی مسلم لیگ کا عیدالاضحٰی کے موقع پر ملک گیر "قربانی سب کیلئے” مہم کا اعلان
ملک بھر میں 22 لاکھ افراد کو قربانی کا تحفہ پہنچائیں گے، شفیق الرحمن وڑائچ
پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک گیر سطح پر بڑے پیمانے پر “قربانی سب کیلئے” مہم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں عید کے پہلے دن 2 لاکھ گھرانوں تک قربانی کا گوشت بطور تحفہ پہنچایا جائے گا جبکہ عید کے دوسرے دن دعوت عام عیدالاضحٰی دسترخوان سجائے جائیں گے، ملک بھر کے ایک سو اضلاع میں 22 لاکھ سے زائد سفید پوش مستحق خاندان اس فلاحی مہم سے مستفید ہوں گے۔
یہ اعلان لال دین ہاؤس جوہر ٹاؤن میں منعقدہ اہم پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ پریس کانفرنس کی صدارت چیئرمین شعبۂ خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ نے کی جبکہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر اور جنرل سیکرٹری حمید الحسن گجر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
رہنماؤں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی دباؤ نے سفید پوش اور کمزور طبقے کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے، ایسے حالات میں مرکزی مسلم لیگ نے فیصلہ کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی خوشیوں میں ہر مستحق خاندان کو شریک کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قربانی گفٹ ڈرائیو کے لیے ملک بھر میں باقاعدہ سروے مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ قربانی کا گوشت حقیقی ضرورت مندوں تک عزت و احترام کے ساتھ پہنچایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ عید کے دوسرے روز عوامی مقامات، اسپتالوں کے باہر گرینڈ دعوت عام عیدالاضحٰی دسترخوان بھی سجائے جائیں گے جہاں ہزاروں افراد کی تواضع کی جائے گی، پکا پکایا کھانا جیل خانہ جات، پولیس اسٹیشنز اور اسپیشل پرسنز تک پہنچانے کیلئے شعبہ خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تا کہ عید قربان کے بابرکت کھانے سے کوئی محروم نہ رہے،
مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا کہ خدمتِ خلق ان کی سیاست کا بنیادی محور ہے اور پارٹی عملی میدان میں عوامی خدمت کے ذریعے معاشرے کے کمزور طبقات کا سہارا بن رہی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی خدمت، فلاحی سرگرمیوں اور ریلیف مشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک مدد پہنچائی جا سکے۔







