Middle EastPakistanٹائٹل

فیلڈ مارشل کا دورہ ایران، حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کیلئے جاری ثالثی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ 

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مختصر مگر انتہائی اہم سرکاری دورۂ ایران مکمل ہوگیا، اس دوران فیلڈ مارشل نے ایران کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تفصیلی مذاکرات میں حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کیلئے جاری ثالثی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقاتیں جاری سفارتی و ثالثی کوششوں کا حصہ تھیں، فیلڈ مارشل نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل نے ایرانی پارلیمںٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، ملاقاتوں کا مقصد 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد خطے میں پیدا کشیدگی میں کمی اور تعمیری روابط کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقات کی۔

قبل ازیں ذرائع نے رپورٹ کیا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران کا دورہ مکمل کرکے شیڈول کے مطابق چین جائیں گے۔

بعدازاں ایرانی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران سے پاکستان کےلیے روانہ ہوگئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے صدر، اسپیکر اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ وزیرداخلہ محسن نقوی بھی ملاقاتوں میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا ایران ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں تہران پہنچے تھے۔

تہران پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پرتپاک استقبال کیا تھا جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ فیلڈ مارشل کا دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکی جنگ بندی کی تجاویز پر ایران اپنا ردِعمل دینے کے قریب ہے۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی ایران میں موجود ہیں جو امریکا ایران مذاکرات سے متعلق اہم ملاقاتیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button
بول کر تلاش کریں