
ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے طیارے نے نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا، صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی ایرانی صدر کے استقبال کے لیے نور خان ایئر بیس پر موجود تھے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو پاک فضائیہ کے طیاروں نے سلامی دی اور روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ایرانی صدر کو پھول پیش کیے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی ایران کے صدر کے وفد میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر سے کچھ دیر قبل ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچے تھے۔
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور بلاول بھٹو زرداری نے ایرانی وزیرِ خارجہ کا استقبال کیا تھا۔
ایرانی صدر کی آمد سے قبل ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے صدر زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی شریک تھے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، دورے کا مقصد امریکا ایران ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہنا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ مسعود پزشکیان صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔
طاہر حسین اندرابی نے بتایا ہے کہ ایرانی صدر کی نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
مسعود پزشکیان کا بطور ایرانی صدر پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔
ایرانی صدر کے دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی، سرحدی تعاون اور عوامی روابط پر تفصیلی بات چیت ہو گی۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیشرفت اور علاقائی وعالمی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال ہو گا، فریقین دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔







