Pakistanٹائٹل

سولر سسٹم صارفین کیلئے نیپرا لائسنس لازمی، نئی پالیسی کے تحت فیس بھی مقرر

25 کلوواٹ تک مفت اجازت ختم، صارفین کو فی کلوواٹ اضافی ادائیگی کرنا ہوگی، ہائبرڈ سسٹم جزوی طور پر مستثنیٰ

سولر سسٹم نصب کرنے والے صارفین کے لیے حکومت نے نئی پالیسی متعارف کرا دی ہے جس کے تحت بجلی پیدا کرنے والے صارفین کو باقاعدہ لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وزارت توانائی نے نئی ترامیم کے بعد سولر سسٹم کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے لائسنس لینا لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس اقدام کا اطلاق گھریلو اور کمرشل دونوں صارفین پر ہوگا جو سولر کے ذریعے بجلی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

پالیسی کے تحت پہلے 25 کلوواٹ تک سولر سسٹم پر تقسیم کار کمپنیاں مفت اجازت جاری کرتی تھیں، تاہم نئی ترامیم کے بعد صارفین کو براہِ راست نیپرا سے لائسنس لینا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق صارفین کو اپنے لوڈ کے مطابق فیس بھی ادا کرنا ہوگی اور نیپرا کے نام پے آرڈر جمع کرانا ہوگا۔

حکام کے مطابق نئی شرائط کے تحت صارفین کو تقریباً ایک ہزار روپے فی کلوواٹ کے حساب سے اضافی ادائیگی کرنا پڑے گی۔ اس سے قبل 25 کلوواٹ تک کے سسٹم کے لیے لائسنس مفت جاری کیا جاتا تھا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ترامیم کے تحت سولر صارفین کو نیٹ بلنگ منصوبے کے تحت کنکشن فراہم کیا جا سکے گا، جبکہ ہائبرڈ ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے بعض صارفین کو لائسنس کی شرط سے استثنا دیا جائے گا۔

توانائی ماہرین کے مطابق نئی پالیسی کا مقصد سولر بجلی کی پیداوار کو باقاعدہ ریگولیٹ کرنا اور گرڈ کے استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

جواب دیں

Back to top button
بول کر تلاش کریں