
مجھ سے منسوب سوشل میڈیا پوسٹس جعلی ہیں: فضیلہ قاضی
ان سوشل میڈیا پیجز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہوں
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے خود سے منسوب زیرِ گردش بیان کو جھوٹا قرار دے دیا۔
انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے زیرِ گردش بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جھوٹا قرار دے دیا۔
اداکارہ نے ویڈیو پیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر مجھ سے منسوب پوسٹس شیئر اور ری شیئر ہو رہی ہیں، جن سے میرا کوئی تعلق نہیں اور ان سوشل میڈیا پیجز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہوں، جنہوں نے مذکورہ پوسٹس شیئر کی ہیں۔
انہوں نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا اور شوہر وکیل ہیں، جن سوشل میڈیا پیجز نے مجھ سے منسوب جھوٹے بیان لگائے ہیں اگر انہیں فوری حذف نہ کیا گیا تو میں انہیں نوٹس جاری کروں گی، کیونکہ سوشل میڈیا کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ آپ کسی کی تصویر کے ساتھ کچھ بھی لکھ دیں۔
فضیلہ قاضی نے سوشل میڈیا صارفین سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے آپ سے بھی شکوہ ہے، آپ مجھے اتنے عرصے سے جانتے ہیں پھر آپ لوگ کیسے میرے نام سے منسوب کسی بھی بات پر یقین کر سکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ براہِ مہربانی فضول باتوں کو فلٹر کرنا سیکھیں، سوشل میڈیا پر ہر چیز سچ نہیں ہوتی، میں نے ایسا کچھ نہیں کہا، اس لیے میرے حوالے سے تبصرے کرنا بند کریں۔
اداکارہ نے مذکورہ وضاحتی ویڈیو بیان کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ایک ایسی پوسٹ گردش کر رہی ہے جس کے ساتھ میرا نام منسلک کیا گیا ہے۔
فضیلہ قاضی نے کہا ہے کہ کچھ غیر مستند سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے یہ پوسٹ شائع کی ہے، تاہم میں نے نہ یہ الفاظ لکھے ہیں اور نہ ہی کبھی کہے ہیں، جو کچھ آپ دیکھتے ہیں، ہر چیز پر یقین نہ کریں، براہِ کرم اس پوسٹ کو نظر انداز کریں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے انسٹا اسٹوری میں زیرِ گردش بیان کا حوالہ دینے کی خاطر یہ جھوٹی پوسٹ ری شیئر کی ہے۔
فضیلہ قاضی نے مذکورہ پوسٹ کو جعلی قرار دیتے ہوئے صارفین سے ایسے پیجز کو رپورٹ کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔







