Politics

14 اگست ہمیں قیامِ پاکستان کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے

پوری قوم پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔

سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے قیامِ پاکستان کے مقاصد اور نظریۂ پاکستان کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ بے سہارا آرفن بچوں کے ساتھ جشنِ آزادی منانے کا مقصد انہیں خوشیاں فراہم کرنا اور قومی تقریبات میں ان کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانا ہے۔

ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ہم وطنِ عزیز کی سلامتی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرفن بچوں نے جشنِ آزادی کی تقریب میں بھرپور قومی جذبے کا مظاہرہ کرکے اپنی حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے آفس میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں کیک کٹنگ اور پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ تقریب میں باہمت آرفن بچوں اور بچیوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور انجینئر احمد حماد رشید اور سی ای او الخدمت فاؤنڈیشن لاہور مغیث قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور دیگر افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

مہمانانِ گرامی نے آرفن بچوں کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور انجینئر احمد حماد رشید نے بچوں میں پاکستانی قومی پرچم اور بیجز تقسیم کیے۔ بعد ازاں باہمت بچوں کے ہمراہ پرچم کشائی بھی کی گئی۔تقریب میں بچوں نے سبز اور سفید رنگ کے ملبوسات زیب تن کرکے اپنی حب الوطنی اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا، جبکہ اپنے چہروں پر سبز اور سفید رنگ سے خوبصورت پینٹنگز بنوا کر جشنِ آزادی کی خوشی اور قومی جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔

تقریب میں بچوں کی جانب سے ملی نغمے اور خاکے بھی پیش کیے گئے، جنہیں شرکاء نے سراہا۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور انجینئر احمد حماد رشید نے کہا کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے، اس لیے ہمیں آزادی کی قدر کرتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن یتامیٰ کی کفالت اور انہیں وظائف فراہم کرکے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ آرفن بچوں کی تعلیم، کفالت اور بہتر مستقبل کے لیے الخدمت اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی۔

جواب دیں

Back to top button
error: Content is protected !!
بول کر تلاش کریں