
مرکزی مسلم لیگ کے ذیلی شعبہ ملی رکشہ یونین کا ایل پی جی ڈیلر مافیا کے خلاف احتجاج، سرکاری نرخ پر گیس کی فراہمی کا مطالبہ
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ذیلی شعبہ ملی رکشہ یونین کے زیر اہتمام ایل پی جی ڈیلر مافیا، ناجائز منافع خوری اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف قرطبہ چوک، فیروز پور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں صدر ملی رکشہ یونین پاکستان رانا شمشاد، صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ تحصیل سٹی معاذ اشتیاق، ترجمان پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور عبدالحنان، جنرل سیکرٹری حافظ انعام اور دیگر رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں رکشہ ڈرائیوروں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے احتجاجاً اپنے رکشوں کے ساتھ ایل پی جی سلنڈر سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور حکومت و متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کی مصنوعی مہنگائی کا فوری نوٹس لیا جائے۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے، تاہم لاہور میں بیشتر ڈیلرز سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے 450 سے 500 روپے فی کلوگرام تک گیس فروخت کر رہے ہیں، جس سے رکشہ ڈرائیوروں اور عام صارفین کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ سرکاری نرخ موجود ہیں، لیکن ان پر عملدرآمد کرانے والے متعلقہ ادارے، پرائس کنٹرول نظام اور ضلعی انتظامیہ مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث ناجائز منافع خور کھلے عام عوام کو لوٹ رہے ہیں۔
رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ لاہور میں بڑی تعداد میں ایسے ایل پی جی ڈیلرز موجود ہیں جو مبینہ طور پر انتظامی کمزوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام غیر قانونی منافع خور عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، اوگرا کے مقررہ نرخوں پر ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔
مقررین نے خبردار کیا کہ اگر عوام اور رکشہ ڈرائیوروں کو سرکاری نرخ پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو احتجاج کا دائرہ پنجاب بھر تک وسیع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔







