Politics

الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کا گلبرگ میں مون سون ڈیزاسٹر ریسکیو سیل قائم

الخدمت فاؤنڈیشن شہر لاہور کے باسیوں کی بے لوث خدمت میں ہمیشہ پہلی صف میں کھڑی رہی ہے

شہر میں مون سون بارشوں کے پیش نظر کسی بھی ناگہانی آفت یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور نے گلبرگ کے میں جدید "مون سون (ڈیزاسٹر) ریسکیو سیل” قائم کر دیا ہے۔

اس اہم فلاحی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور انجینئر حماد رشید نے مشترکہ طور پر کیا۔ افتتاح کے موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن انجینئر حماد رشید نے سرپرست ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور دیگر معزز قائدین کو ریسکیو سیل کی آپریشنل تیاریوں، آلات اور ہنگامی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس پروقار افتتاحی تقریب میں نائب امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، الخدمت فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مغیث شاہد قریشی، اور ڈپٹی سیکرٹریز جماعت اسلامی لاہور عامر نثار خان، قیصر شریف اور شاہد نوید ملک نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ میاں عثمان افضل، عامر نور خان، دیگر مرکزی و مقامی قائدین سمیت الخدمت فاؤنڈیشن ریسکیو سیل کے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور لائف سیونگ ممبران بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن شہر لاہور کے باسیوں کی بے لوث خدمت میں ہمیشہ پہلی صف میں کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن اپنے محدود ترین وسائل کے باوجود میدانِ عمل میں عوامی خدمت کے تاریخی اور مثالی ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔

انہوں نے بروقت اور منظم انداز میں مون سون ریسکیو سیل کے قیام پر پوری ٹیم کو دل کھول کر مبارکباد پیش کی۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے سیل کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ الخدمت کے سینکڑوں تربیت یافتہ ورکرز اور رضا کار (والینٹیئرز) کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ۲۴ گھنٹے شفٹوں میں الرٹ رہیں گے۔

مزید برآں، ریسکیو سیل کے تحت ایک موبائل ہیلتھ یونٹ بھی متحرک کیا گیا ہے جہاں تجربہ کار اور ماہر طبی عملہ شہریوں کو فوری اور مفت طبی سہولیات فراہم کرے گا۔

انہوں نے الخدمت کے تعلیمی نیٹ ورک کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘بنو قابل’ جیسے عظیم الشان آئی ٹی پروجیکٹ کے ذریعے شہر بھر میں ہزاروں مستحق نوجوان مفت تعلیم حاصل کر کے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button
error: Content is protected !!
بول کر تلاش کریں