
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسپیشل اکنامک زونز (ترمیمی) بل 2026 پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد ملک میں صنعتی اور کمرشل رئیل اسٹیٹ شعبے میں نئی سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
نئے ترمیمی قانون کے تحت سرمایہ کاروں کیلئے سخت اور شفاف تنازعاتی حل (Dispute Resolution) کا فریم ورک متعارف کرایا گیا ہے تاکہ کاروباری تنازعات کو تیزی سے حل کیا جا سکے اور غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو۔
بل میں صنعتی منصوبوں، اسپیشل اکنامک زونز اور کمرشل رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کیلئے بڑے مالیاتی مراعات بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں ٹیکس سہولیات، سرمایہ کاری میں آسانیاں اور کاروباری عمل کو تیز بنانے کیلئے خصوصی اقدامات شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس قانون سے پاکستان میں صنعتی ترقی، روزگار کے نئے مواقع اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملنے سے ملکی معیشت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔







