
ایران کی خطے کے ممالک سے دوستی اور امریکا سے مذاکرات پر اہم مؤقف سامنے آ گیا
ایرانی ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ثالثی سے بات چیت جاری ہے، توجہ جنگ کے خاتمے اور پابندیوں کے خاتمے پر مرکوز ہے
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات سمیت خطے کے کسی بھی ملک کے ساتھ ایران کی کوئی دشمنی نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
اسماعیل بقائی کے مطابق پاکستانی ثالثی کے ذریعے ایران اور متعلقہ فریقین کے درمیان بات چیت کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ ایرانی تجویز پر ایران اور امریکا دونوں اپنی آراء دے چکے ہیں اور مذاکرات کا سلسلہ مختلف سطحوں پر آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات میں ایران کے بنیادی مطالبات میں منجمد ایرانی فنڈز کی بحالی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے حقوق کے حصول کے لیے دباؤ یا دھمکیوں سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس مرحلے پر ایران کی اولین ترجیح جنگ کا خاتمہ اور خطے میں کشیدگی میں کمی ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق ایرانی اور عمانی تکنیکی ٹیموں نے گزشتہ ہفتے عمان میں ملاقات کی، جس میں آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمد و رفت کے طریقہ کار پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آبنائے ہرمز کے میکنزم کے حوالے سے ایران عمان سمیت تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ خطے میں بحری سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔







