
لاہور پولیس نے منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی اور اس کے سابق شوہر ناصر سے متعلق جاری تحقیقات میں اہم پیش رفت کی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں منظم منشیات نیٹ ورک سے جڑے کئی اہم پہلو سامنے آئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق انمول عرف پنکی کا سابق شوہر ناصر اپنے دو بھائیوں کے ہمراہ لاہور آیا تھا، جہاں انہوں نے ابتدائی طور پر گیسٹ ہاؤسز اور شراب کے کاروبار سے اپنے مالی معاملات کا آغاز کیا۔ بعد ازاں ناصر نے اپنے بھائیوں، ایک دوست اور بہنوئی کے ساتھ مل کر کوکین کی تیاری اور سپلائی کا نیٹ ورک قائم کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ناصر نے ہی انمول عرف پنکی کو کوکین کی تیاری میں مہارت دی، جس کے بعد دونوں میاں بیوی مل کر لاہور، کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں کوکین کی سپلائی میں مبینہ طور پر ملوث رہے۔
مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ بعد ازاں ناصر اپنے بھائیوں کے ساتھ یہ نیٹ ورک کراچی منتقل کر گیا، جہاں اس سرگرمی کو مزید وسعت دی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ پنکی نے 2021 میں رانا اکرم کے کہنے پر ناصر سے طلاق لی۔
لاہور پولیس کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔







