
حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں ملکی معیشت تباہ کر دی، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ
لاک ڈاؤن لاہور کے تاجر معاشی بدحالی کا شکار، عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ترین امر بن چکا ہے، امیر جماعت اسلامی لاہور کا خطاب
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ معاشی تباہی کی تمام تر ذمہ داری ان حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں پورے معاشی نظام کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
گیس، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ ظالمانہ اضافے نے ملک میں معاشی پہیہ جام کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی ایک مشکل ترین امر بن چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر لاہور نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری قوم مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔
حکمران طبقہ صرف عالمی مالیاتی اداروں کو خوش کرنے اور قرضوں کے حصول کے لیے عوام کو مہنگائی کے پہاڑ تلے دبا رہا ہے، جس سے ملک میں بے روزگاری کی شرح خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔
ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے تشویش کا اظہار کیا کہ ملک میں نئی صنعتیں لگنا تو دور کی بات، موجودہ کارخانے بھی تیزی سے بند ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے روزگار کے مواقع ختم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر لاہور میں لاک ڈاون نے تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ کاروبار تباہ ہو چکے ہیں اور تاجر طبقہ معاشی بدحالی کی انتہا کو چھو رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نعروں کی کھوکھلی سیاست کے بجائے ہوش سے کام لیں اور ملک پر مسلط مفاد پرست اور عوام دشمن طبقے سے نجات حاصل کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
امیر لاہور نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی ایم ایف کی غلامی کے طوق کو اتار پھینکے اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں فوری کمی کا اعلان کرے تاکہ معیشت کا پہیہ دوبارہ چل سکے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔







