
لاہور مسائلستان بن گیا، شہری عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں
آوارہ کتے، کھلے مین ہولز اور گندگی کے ڈھیر، شہری زندگی مشکل ہوچکی ہے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے شہر میں بڑھتے ہوئے سنگین شہری مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور عدم توجہی کے باعث لاہور مسائلستان بنتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلی محلوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار شہریوں خصوصاً بچوں کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے اور متعدد افسوسناک واقعات میں بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ کھلے مین ہولز بھی شہریوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہے ہیں جو انتظامیہ کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
مزید برآں شہر بھر میں گندگی کے ڈھیر، بوسیدہ سیوریج نظام، بجلی کی لٹکتی ہوئی خطرناک تاریں اور ٹریفک پولیس کے بلاجواز چالان عوام کے لیے وبالِ جان بن چکے ہیں، جس سے شہری زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے فوری مہم چلائی جائے، تمام کھلے مین ہولز ہنگامی بنیادوں پر بند کیے جائیں، صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، سیوریج سسٹم کی بحالی اور اپ گریڈیشن کی جائے، بجلی کی خطرناک تاروں کو درست کیا جائے اور ٹریفک پولیس کو عوام دوست رویہ اپنانے کا پابند بنایا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور احتجاج کا
اعلان کریگی۔







