
رمضان المبار ک کی سب سے عظیم ساعت لیلۃ القدر ہے۔
رمضان المبارک ہمیں نظم و ضبط، صبر اور عبادت کا درس دیتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک سراپا رحمت، مغفرت اور نجات کا بابرکت مہینہ ہے، جس میں قرآنِ حکیم کا نزول ہوا اور انسانیت کو رشد و ہدایت کا لازوال پیغام عطا کیا گیا۔ اس مقدس مہینے کی سب سے عظیم ساعت لیلۃ القدر ہے، جو ہزار مہینوں سے بہتر رات ہے اور جس میں بندۂ مومن کی عبادات، دعائیں اور توبہ و استغفار بارگاہِ الٰہی میں غیر معمولی طور پر شرفِ قبولیت پاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک محض بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ صبر، تقویٰ، خود احتسابی، نظم و ضبط اور روحانی تربیت کا جامع درس دیتا ہے۔ اس مہینے کا اصل تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں عبادات کی پابندی، اخلاقی بہتری اور خدمتِ خلق کے جذبے کو مستقل بنیادوں پر اپنائیں اور رمضان کے بعد بھی اس تربیت کو برقرار رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 150 کے زیر اہتمام منعقدہ شب داری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں مقامی قیادت جماعت اسلامی زاہد شباب بٹ ، ناصر محمود جٹ ، ابوبکر صدیق ، ڈاکٹر ارشاد الرحمن ، مفتی بابر جمال اور دیگر موجود ہیں۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید نے کہا کہ ماہِ مقدس کے آخری عشرے کی ہر گھڑی نہایت قیمتی ہے، بالخصوص طاق راتیں لیلۃ القدر کی تلاش کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔ ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ ان بابرکت لمحات میں کثرتِ عبادات، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور گریہ و زاری کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کی کوشش کرے۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر کی حقیقی خوشیاں اسی وقت مکمل ہوتی ہیں جب معاشرے کے نادار، یتیم، بیوگان اور مستحق افراد کو بھی ان خوشیوں میں شریک کیا جائے۔ اسلام ہمیں اخوت، ہمدردی اور ایثار کا درس دیتا ہے، لہٰذا صاحبِ حیثیت افراد پر لازم ہے کہ وہ زکوٰۃ، صدقات اور فطرانہ بروقت ادا کر کے ضرورت مند طبقات کی مدد کو یقینی بنائیں۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے رمضان المبارک کو اللہ رب العزت کی ایک عظیم نعمت اور خصوصی عطیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس کے فیوض و برکات سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے اور انفرادی و اجتماعی سطح پر اپنی اصلاح کا عزم کرنا چاہیے تاکہ ایک صالح، فلاحی اور باکردار معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔







