Uncategorized

حکمران مہنگے جہازوں میں اورعوام سائیکل سفر کرنے پر مجبور ہے

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے۔

احتجاجی مظاہرے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران مہنگے جہازوں میں سفر کر رہے ہیں جبکہ مہنگائی سے پریشان عوام کو سائیکل پر سفر کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر کے حکومت نے سارا بوجھ براہ راست عوام پر ڈال دیا ہے۔ عالمی حالات کو جواز بنا کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرنا غریب اور متوسط طبقے کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔ اس فیصلے سے مہنگائی کی نئی لہر آئے گی جس کا براہ راست اثر عام شہریوں کی زندگی پر پڑے گا۔

ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈالنے کے بجائے حکمرانوں اور بیوروکریسی کو دی جانے والی مفت پٹرول کی سہولت فوری طور پر بند کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پروٹوکول کلچر کو ختم کیا جائے اور اشرافیہ کو حاصل غیر ضروری مراعات کا خاتمہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طور پر کم از کم نصف سرکاری گاڑیوں کو بند کرنے کا اعلان کرے تاکہ قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اگر واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں تو عملی اقدامات کریں۔ حکومت پنجاب کے زیر استعمال سرکاری جیٹ اور دیگر غیر ضروری اخراجات کو ختم کیا جائے تاکہ قومی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو مہنگائی کے اس طوفان سے بچانے کے لیے ٹھوس اور دیرپا معاشی اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

Back to top button