ٹائٹلعالمی امور

کابل، پکتیا اور قندھار میں فضائی حملوں کی تصدیق، طالبان ترجمان کا بیان سامنے آگیا

رات گئے عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، متعدد ہیڈ کوارٹرز اور لاجسٹک مراکز تباہ ہونے کی اطلاعات

افغانستان میں رات گئے ہونے والی فضائی کارروائیوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔ طالبان حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت کابل سمیت مختلف صوبوں میں عسکری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق رات تقریباً 1 بج کر 50 منٹ پر کابل میں طالبان کے ایک فوجی مرکز پر فضائی حملہ کیا گیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں متعلقہ تنصیبات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

صوبہ پکتیا میں بھی طالبان کے منصوری کور کو دو مرتبہ نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان حملوں میں عسکری ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔

اسی دوران قندھار میں بھی رات 12 بجے کے بعد فضائی سرگرمی دیکھی گئی، جہاں ایک پاکستانی طیارے کی پرواز کی اطلاع سامنے آئی۔

قبل ازیں سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ فضائیہ کی مؤثر کارروائیوں میں کابل، قندھار اور پکتیا میں اہم ملٹری تنصیبات تباہ کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق کابل میں دو بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کو نقصان پہنچا، جبکہ قندھار میں ایک کور ہیڈ کوارٹر، ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر، اسلحہ ڈپو اور لاجسٹک بیس کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پکتیا میں بھی ایک کور ہیڈ کوارٹر کو تباہ کیا گیا۔ حکام کی جانب سے ان کارروائیوں کی مزید تفصیلات جاری کیے جانے کا امکان ہے جبکہ علاقائی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button