
فرانس میں کیوبا کے سفارت خانے کی ویڈیو نے دنیا کے دہرے معیار پر سوال اٹھا دیا
جاپان کے چڑیا گھر کے ننھے بندر اور غزہ کی بچی کی دل دہلا دینے والی تصاویر نے عالمی ہمدردی کے رویّوں پر نئی بحث چھیڑ دی
Embassy of Cuba in France کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو نے عالمی سطح پر بحث چھیڑ دی ہے۔ اس ویڈیو میں انسانی ہمدردی کے مختلف رویّوں کو نمایاں کرتے ہوئے دنیا کے مبینہ دہرے معیار کی نشاندہی کی گئی ہے۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی تھی جس میں جاپان کے ایک چڑیا گھر میں موجود ایک ننھا بندر اپنی ماں سے جدا ہونے کے بعد ایک کھلونا بندر کو سینے سے لگائے دکھائی دیتا ہے۔ اس منظر نے دنیا بھر کے صارفین کو جذباتی کر دیا اور لاکھوں افراد نے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
کیوبا کے سفارت خانے نے اسی تناظر میں ایک تقابلی ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو کے پہلے حصے میں وہی ننھا بندر دکھایا گیا، جبکہ دوسرے حصے میں Gaza Strip کی ایک کمسن بچی کو دکھایا گیا ہے جو حالیہ حملوں کے بعد اپنے گھر اور خاندان سے محروم ہو چکی ہے۔ ملبے کے درمیان کھڑی یہ بچی اپنی گڑیا کو مضبوطی سے تھامے صدمے کی کیفیت میں نظر آتی ہے۔
https://x.com/EmbaCubaFrancia/status/2026376582818849068?s=20
سفارت خانے نے اپنی پوسٹ میں سوال اٹھایا کہ دنیا ایک جانور کے دکھ پر تو فوری ردعمل دیتی ہے، لیکن جنگ اور تنازعات میں متاثر ہونے والے بچوں کے لیے اسی شدت سے آواز بلند نہیں کرتی۔ بیان میں کہا گیا کہ ہزاروں بچے اپنے پیاروں سے محروم ہو چکے ہیں، مگر عالمی ضمیر کی خاموشی قابلِ غور ہے۔
کیوبا کے سفارت خانے نے اس رویّے کو "منتخب ہمدردی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق اور عالمی انصاف کے دعوؤں کو یکساں پیمانے پر پرکھنے کی ضرورت ہے۔







