
ایران کی بری فوج ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار: جنرل علی جہانشاہی
انہوں نے 1980 سے 1988 تک جاری رہنے والی آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران مجاہدین اسلام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جانباز ایثار، قربانی اور شہادت کے روشن مثال ہیں۔
ایران کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی نے کہا ہے کہ ملک کی فوج ہر قسم کے خطرات اور دشمن کی ممکنہ سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طاقت کے ساتھ تیار ہے۔
یہ بیان انہوں نے حضرت ابو الفضل العباسؑ کے یومِ ولادت کے موقع پر تہران میں منعقدہ تقریب میں دیا، جو یوم جانباز کے طور پر بھی منایا جا رہا تھا۔ جنرل جہانشاہی نے اس موقع پر زور دیا کہ ایرانی فوج اسلام اور ملک کی سرزمین کے دفاع میں ہر وقت اور ہر مقام پر مکمل صلاحیت کے ساتھ تیار ہے۔
انہوں نے 1980 سے 1988 تک جاری رہنے والی آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران مجاہدین اسلام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جانباز ایثار، قربانی اور شہادت کے روشن مثال ہیں۔
جنرل جہانشاہی نے مزید کہا کہ ملک کی فوج کی دفاعی اور عسکری تیاریوں کا مقصد ایرانی سرزمین کی حفاظت ہے، اور قوم کو یقین دلایا کہ سیکیورٹی فورسز ہر لمحہ اپنے فرض کی انجام دہی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے جانبازوں کو آئندہ نسلوں کے لیے عملی نمونہ قرار دیا، جنہوں نے دفاع مقدس کے دوران دشمن کے مقابلے میں اپنی پوری طاقت کا مظاہرہ کیا اور وطن عزیز کی حفاظت کو یقینی بنایا۔







