
فلم ’تیرے عشق میں‘ میں تعلیمی غلطی پر سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان، ریسرچ اسکالرز کی تنقید
فلم کی ہدایت کاری آنند ایل رائے نے کی ہے اور اسے ان کی 2013 کی مقبول فلم ’رانجھنا‘ کی کہانی سے جڑا ہوا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔
فلم ’تیرے عشق میں‘ تعلیمی غلطی کے باعث تنقید کی زد میں، ریسرچ اسکالرز کی سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل
بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن اور دھنوش کی نئی فلم ’تیرے عشق میں‘ ایک غیر معمولی تعلیمی دعوے کے باعث سوشل میڈیا پر مذاق اور تنقید کا نشانہ بن گئی ہے، جہاں ریسرچ اسکالرز اور پی ایچ ڈی طلبہ نے فلم سازوں پر حقیقت مسخ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی اس فلم میں ایک منظر ایسا ہے جس نے تعلیمی حلقوں کو حیران کر دیا۔ فلم میں کریتی سینن کے کردار کی جانب سے 2200 صفحات پر مشتمل پی ایچ ڈی تھیسس جمع کرانے کا ذکر کیا جاتا ہے، جسے ماہرین تعلیم نے ناقابلِ یقین قرار دیا ہے۔
کریتی سینن فلم میں مکتی بینیوال کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو دہلی یونیورسٹی میں نفسیات کے شعبے کی ریسرچ اسکالر دکھائی گئی ہیں۔ ان کے تھیسس کے مبینہ صفحات کی تعداد سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پی ایچ ڈی طلبہ کی جانب سے طنزیہ تبصروں اور میمز کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
متعدد ریسرچ اسکالرز کا کہنا ہے کہ برسوں کی محنت کے بعد بھی پی ایچ ڈی تھیسس عموماً چند سو صفحات پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ 2200 صفحات کا دعویٰ نہ صرف غیر حقیقت پسندانہ بلکہ مضحکہ خیز ہے۔ ایک طالب علم نے لکھا کہ چار سال کی مسلسل محنت کے بعد بھی 400 صفحات مکمل کرنا مشکل ہوتا ہے، اتنے ضخیم تھیسس کو کوئی سپروائزر دیکھے بغیر ہی مسترد کر دے گا۔
طلبہ اور محققین نے فلم سازوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں پی ایچ ڈی کے مراحل، منظوری کے عمل اور ریسرچ کے طریقۂ کار کو بالکل غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ بعض اسکالرز نے اسکرین رائٹرز ہمانشو شرما اور نیرج یادو کو مشورہ دیا کہ آئندہ ایسی فلموں کے لیے کسی حقیقی ریسرچ اسکالر سے رہنمائی ضرور حاصل کی جائے۔
فلم کی کہانی کے مطابق کریتی سینن اپنے تحقیقی مطالعے کے لیے دھنوش کے کردار شنکر کو منتخب کرتی ہیں، جو ذہنی مسائل کا شکار دکھایا گیا ہے، تاہم ماہرین تعلیم کے مطابق یہ پورا تصور بھی تعلیمی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔
اگرچہ تعلیمی اور سوشل میڈیا حلقوں میں فلم کا خوب مذاق اڑایا جا رہا ہے، تاہم باکس آفس پر ’تیرے عشق میں‘ نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ 85 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار کی گئی اس فلم نے اب تک 148.5 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
فلم کی ہدایت کاری آنند ایل رائے نے کی ہے اور اسے ان کی 2013 کی مقبول فلم ’رانجھنا‘ کی کہانی سے جڑا ہوا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔



