Showbiz

جیکی چن نے وفات کے بعد ریلیز ہونے والے الوداعی گانے کا انکشاف کر دیا

71 سالہ مارشل آرٹس لیجنڈ کا کہنا ہے کہ یہ گانا دنیا کے نام ان کا آخری پیغام ہوگا

جیکی چن نے وفات کے بعد ریلیز ہونے والے الوداعی گانے کا انکشاف کر دیا

عالمی شہرت یافتہ مارشل آرٹس لیجنڈ اور فلم اسٹار جیکی چن نے اپنی زندگی کے ایک جذباتی اور منفرد منصوبے سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک ایسا الوداعی گانا ریکارڈ کر لیا ہے جو ان کی وفات کے بعد ریلیز کیا جائے گا اور جسے وہ دنیا کے نام اپنا آخری پیغام قرار دیتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 71 سالہ جیکی چن نے یہ بات بیجنگ میں اپنی نئی ڈرامہ فلم “Unexpected Family” کے پریمیئر کے موقع پر کہی۔ تقریب کے دوران حاضرین سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں قریبی دوستوں اور عزیزوں کی وفات نے ان کی سوچ اور زندگی کے نظریے کو گہرے طور پر متاثر کیا ہے۔

جیکی چن کا کہنا تھا کہ ان تجربات نے انہیں سچ بولنے، دل کی بات کہنے اور حال میں جینے کی اہمیت کا احساس دلایا۔ ان کے مطابق جو بات کہنی ہو، وقت پر کہہ دینی چاہیے اور جو کام کرنا ہو، فوراً کر لینا چاہیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے آخری خیالات اور جذبات کو انہوں نے ایک گانے کی شکل میں محفوظ کر لیا ہے، جو اگرچہ مکمل طور پر ریکارڈ ہو چکا ہے، تاہم اہلِ خانہ اور مینجمنٹ کی خواہش پر فی الحال اسے جاری نہیں کیا جا رہا۔

جیکی چن نے کہا کہ یہ گانا ان کی زندگی میں راز ہی رہے گا اور ان کے انتقال کے بعد اسے عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ پریمیئر کے دوران جب حاضرین نے ان سے گانے کا کوئی حصہ سنانے کی درخواست کی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے انکار کر دیا اور کہا کہ اگر وہ گانا سنا دیں گے تو ماحول جذباتی ہو جائے گا اور لوگ آبدیدہ ہو جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button
error: Content is protected !!
بول کر تلاش کریں