Showbiz

محسن گیلانی کا خود کو جنات کا بادشاہ قرار دینے کا دعویٰ

میرے آباؤاجداد کے پاس بھی جنات تھے

پاکستان کے معروف ٹی وی اور ریڈیو اداکار و پروڈیوسر سید محسن گیلانی نے دعویٰ کیا ہے کہ میں جنات کا بادشاہ ہوں اور 1 جن گزشتہ 12 برس سے میرے ساتھ ہے۔

ملتان سے تعلق رکھنے والے محسن گیلانی حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے جنات سے متعلق اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کیا۔

پوڈکاسٹ کے دوران محسن گیلانی نے کہا کہ اگر جنات کی بات کی جائے تو میں ’جنات کا بادشاہ‘ ہوں، اس وقت بھی ایک جن میرے ساتھ موجود ہے، جس کا نام نجیب ہے اور وہ میرے والد کے انتقال کے بعد گزشتہ 12 برس سے میرے ساتھ ہے۔

محسن گیلانی نے دعویٰ کیا ہے کہ میرے آباؤاجداد کے پاس بھی جنات تھے اور قرآن کا علم رکھنے والے افراد ان لوگوں کے بارے میں جانتے ہیں جن کے زیرِ اثر جنات ہوتے ہیں، یہ تعلق نسل در نسل بھی منتقل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں میں جنات کے بارے میں بہت سی غلط روایات پائی جاتی ہیں، جنات بھی اللّٰہ کی مخلوق ہیں اور ان کے بھی مختلف مذہبی فرقے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنات انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ صرف اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں، جبکہ وہ بچوں کے ساتھ کھیل بھی سکتے ہیں، جنات انسانوں سے خوفزدہ ہوتے ہیں اور انسان ان سے برتر مخلوق ہے۔

محسن گیلانی نے دعویٰ کیا کہ جنات کو انسان اپنی مرضی کے مطابق احکامات نہیں دے سکتے اور وہ انسانوں کی خدمت کے لیے پابند نہیں ہوتے، جنات کو مٹھائیاں پسند ہیں اور ماضی میں مٹھائی فروشوں کو معلوم ہوتا تھا کہ جنات ان کی دکانوں سے مٹھائیاں خریدنے آتے ہیں۔

انہوں نے اداکار احسن خان کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ احسن خان سے بھی اس بارے میں پوچھا جا سکتا ہے، احسن خان خود بتا سکتے ہیں کہ انہوں نے مجھ سے کسی شخص سے ملاقات کی خواہش کا ذکر کیا تھا، جس کے بعد میں نے انہیں رات 2 بجے ملتان میں حضرت بہاء الدین زکریا کے مزار پر اس شخص سے ملوایا تھا۔

محسن گیلانی نے سورۂ رحمٰن کو انتہائی مؤثر اسلامی کلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ سورۂ رحمٰن کے ذریعے شفا حاصل کرنے کے تجربات بیان کرتے ہیں اور حال ہی میں ہمارے ایک فنکار ساتھی نے بھی اس سورہ سے شفا ملنے کا ذکر کیا ہے۔

محسن گیلانی نے صحت کے مسائل کا سامنا کرنے والے افراد کو سورۂ رحمٰن سننے اور پڑھنے کا مشورہ دیا، ساتھ ہی کہا کہ تلاوت کے ساتھ اس کا ترجمہ بھی ضرور پڑھنا یا سننا چاہیے۔

انہوں نے سورۂ فاتحہ کی تلاوت کی بھی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سورۂ رحمٰن اور سورۂ فاتحہ مسلمانوں کے لیے اللّٰہ کی جانب سے دو عظیم نعمتیں ہیں۔

جواب دیں

Back to top button