Pakistanٹائٹل

"پاک چین دوستی” کے عنوان سے سنیر فوٹو جرنلسٹ عامرخان کی تین روزہ تصویری نمائش کا افتتاح

پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ تعاون کی روشن مثال ہے

پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں سینئر فوٹوگرافر عامر خان کی تخلیق کردہ "پاک چین دوستی” کے عنوان سے تین روزہ تصویری نمائش کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔

نمائش میں پاک چین دوستی، تاریخی تعلقات، سفارتی روابط، عوامی تعاون اور مشترکہ ترقی کے سفر کو نادر اور یادگار تصاویر کے ذریعے مؤثر انداز میں پیش کیا گیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ تعاون کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تصویری نمائشیں نوجوان نسل کو پاک چین تعلقات کی تاریخ، مشترکہ کامیابیوں اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کی تزویراتی شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔

چین کے قونصل جنرل سن یان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط اور ثقافتی تبادلے مستقبل میں اس لازوال رشتے کو مزید مستحکم کریں گے۔

تقریب میں ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی آمنہ حسن شیخ، حنا پرویز بٹ اور سارہ احمد سمیت چینی قونصل خانے کے افسران، اراکینِ اسمبلی، مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے نمائش میں پیش کی گئی نادر تصاویر کو پاک چین تعلقات کی مضبوط تاریخ اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کی مؤثر عکاسی قرار دیا۔ طلبہ و طالبات نے نمائش کا تفصیلی دورہ کیا اور پاک چین تعلقات کے تاریخی سفر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

تین روزہ تصویری نمائش عوام، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے کھلی رہے گی۔

جواب دیں

Back to top button
error: Content is protected !!
بول کر تلاش کریں