Politics

عوامی مینڈیٹ کو مسخ کرنے، نتائج تبدیل کرنے کے منفی اثرات کی ذمہ داری متعلقہ عناصر پر، علامہ راجہ ناصر عباس

گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ 7 جون کو ہونے والے انتخابات میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے ووٹ کا حق ذمہ داری، بصیرت اور قومی شعور کے ساتھ استعمال کریں

قائد حزب اختلاف سینیٹ پاکستان اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 7 جون کو ہونے والے انتخابات میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے ووٹ کا حق ذمہ داری، بصیرت اور قومی شعور کے ساتھ استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات محض نمائندوں کے انتخاب کا مرحلہ نہیں بلکہ یہ خطے کے مستقبل، عوامی حقوق، آئینی شناخت اور آنے والی نسلوں کی تقدیر کا فیصلہ ہیں۔

عوام کو چاہیے کہ وہ ایسے امیدواروں کا انتخاب کریں جو دیانت دار، باکردار، عوام دوست اور اپنے نظریات و وعدوں پر قائم رہنے والے ہوں۔ سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ووٹ ایک مقدس امانت ہے اور اس امانت کا درست استعمال ہی عوام کے بہتر مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔

عوام کو یہ دیکھنا ہوگا کہ کون ان کے حقوق کی حقیقی آواز بن سکتا ہے، کون عوامی مینڈیٹ کا تحفظ کرے گا اور کون ذاتی مفادات کے بجائے عوامی مفادات کو ترجیح دے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف نے متعدد حلقوں میں مشترکہ امیدواروں کی حمایت کرتے ہوئے عوامی حقوق، شفاف طرز حکمرانی اور خطے کی ترقی کے لیے مشترکہ جدوجہد کا عزم کیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ عوام اپنے مستقبل کے حوالے سے درست فیصلہ کریں گے۔

قائد حزب اختلاف سینیٹ نے الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور انتخابی عمل سے وابستہ تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ انتخابات کے انعقاد میں مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات تمام اہلکار اور ذمہ داران عوام کے ووٹ کے امین ہیں، لہٰذا انتخابی عمل میں کسی قسم کی بے ضابطگی، دھاندلی یا نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوئی کوشش عوامی اعتماد کو مجروح کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا ایک اہم اور حساس خطہ ہے، جہاں کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے مکمل آئینی حقوق اور آئینی شناخت کے منتظر ہیں۔ ایسے حالات میں عوامی رائے کا احترام اور شفاف انتخابات کا انعقاد ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مینڈیٹ کو مسخ کرنے، نتائج تبدیل کرنے یا انتخابی عمل میں مداخلت کی کوشش کی گئی تو اس کے منفی اثرات کی ذمہ داری متعلقہ عناصر پر عائد ہوگی۔ جمہوری معاشروں میں عوام کی رائے کا احترام ہی سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کی بنیاد ہوتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button
error: Content is protected !!
بول کر تلاش کریں