
ایران کی سفارتی سرگرمیاں تیز: عباس عراقچی کے قطر، سعودی عرب، مصر اور فرانس سے اہم ٹیلیفونک رابطے
جنگ بندی، ایران-امریکا مذاکرات اور خطے میں کشیدگی کم کرنے پر مشاورت، یورپ کے تعمیری کردار پر زور
ایران کی سفارتی سرگرمیاں تیز، عباس عراقچی کے اہم ٹیلیفونک رابطے
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں بڑھتی کشیدگی اور جاری سفارتی کوششوں کے تناظر میں قطر، سعودی عرب، مصر اور فرانس کی قیادت سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے۔ عرب میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے اسلام آباد پہنچنے سے قبل قطری وزیراعظم، سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نول باروٹ اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبد العاطی سے گفتگو کی۔
جنگ بندی اور مذاکرات پر تبادلہ خیال
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران جنگ بندی سے متعلق پیشرفت اور اس کے استحکام کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مشترکہ سفارتی اقدامات پر زور دیا گیا۔
یورپ کے کردار پر زور
عباس عراقچی نے گفتگو کے دوران یورپ کے تعمیری کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے سفارتکاری جاری رکھنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔
مشاورت بڑھانے پر اتفاق
چاروں ممالک کی قیادت نے ایران پر زور دیا کہ جنگ بندی کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے باہمی مشاورت میں اضافہ کیا جائے تاکہ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔







