
ایران کی سخت وارننگ: امریکی ناکہ بندی برقرار رہی تو بحیرۂ احمر اور خلیجی تجارت بند کر دی جائے گی
ایرانی فوج کا مؤقف، بندرگاہوں کی ناکہ بندی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار
ایران نے اپنی بندرگاہوں پر مبینہ امریکی ناکہ بندی کے خلاف سخت ردعمل دیتے ہوئے عالمی تجارتی راستوں کو متاثر کرنے کی دھمکی دے دی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی فوج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی بندرگاہوں پر جاری ناکہ بندی کو جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی سمجھا جا رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو ایران بحیرۂ احمر کے ذریعے ہونے والی بین الاقوامی تجارت کو روکنے کے اقدامات کر سکتا ہے، جو عالمی سپلائی چین کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔
ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ خلیج فارس اور بحیرۂ عمان سے گزرنے والی تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو سکتی ہیں، جس کے باعث توانائی اور دیگر اہم اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر ایران اپنے اعلان پر عمل کرتا ہے تو اس کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، کیونکہ یہ سمندری راستے عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم حیثیت رکھتے ہیں۔







