
ایران نے وسطی فضاؤں میں اسرائیلی ایف-16 طیارہ مار گرایا گیا
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق جدید دفاعی نظام کے ذریعے کارروائی، تین ہفتوں میں 200 سے زائد فضائی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ
ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے وسطی حصے کی فضائی حدود میں ایک اور دشمن جنگی طیارہ تباہ کر دیا گیا ہے۔
آئی آر جی سی کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق 3 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا، جب اسرائیل کے زیرِ استعمال ایک ایف-16 فائٹنگ فیلکن طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کو آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام کی مدد سے انجام دیا گیا، جس کے نتیجے میں طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق حالیہ کشیدگی کے ابتدائی تین ہفتوں کے دوران 200 سے زائد فضائی اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ ان اہداف میں ڈرونز، کروز میزائل، ایندھن فراہم کرنے والے طیارے اور جدید جنگی جہاز شامل ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایران کی دفاعی صلاحیت میں نمایاں بہتری کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کے مطابق ملک کا فضائی دفاعی نظام اب نہ صرف اپنی حدود کے اندر بلکہ خطے میں بھی کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔







