شوبز

ناصر ادیب کا شان شاہد پر سخت ردعمل، پریس کانفرنس بیان پر تنازع

فلم ‘بُلّہ’ کی تقریب میں مبینہ بیان کے بعد تنازع شدت اختیار کر گیا، ناصر ادیب کا مؤقف: لکھاری کی تضحیک برداشت نہیں

سینئر پاکستانی مصنف، ہدایت کار اور پروڈیوسر ناصر ادیب نے معروف اداکار شان شاہد کے ایک بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہیں گے۔

ناصر ادیب ماضی کی شہرۂ آفاق فلم مولا جٹ اور حالیہ بلاک بسٹر دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے خالق کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ ان دنوں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پوڈکاسٹ بھی کر رہے ہیں جبکہ ان کی نئی پنجابی فلم بُلّہ جلد نمائش کے لیے تیار ہے۔ اس فلم کی کاسٹ میں شان شاہد، نعیمہ بٹ اور مونا لیزا شامل ہیں۔

حال ہی میں اپنے یوٹیوب وی لاگ میں ناصر ادیب نے کہا کہ وہ معاف کرنے کے قائل ہیں، لیکن جب معاملہ ناانصافی سے آگے بڑھ جائے تو پھر آواز اٹھانا ضروری ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق فلم ’بُلّہ‘ کی پریس کانفرنس میں وہ ذاتی مصروفیات کے باعث شریک نہیں ہو سکے تھے، تاہم انہوں نے پروڈیوسر کو پیشگی اطلاع دے دی تھی کہ وہ فلم کے پریمیئر میں شرکت کریں گے۔

ناصر ادیب کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس کے دوران جب فلم کے رائٹر سے متعلق سوال پوچھا گیا تو شان شاہد نے مبینہ طور پر ایسا جملہ کہا جسے انہوں نے اپنی تضحیک قرار دیا۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنی پوڈکاسٹ میں حقائق بیان کرتے ہیں اور کسی پر بے بنیاد الزام عائد نہیں کرتے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ماضی میں فلم کے ہدایت کار کو شان شاہد کو کاسٹ کرنے سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا تھا، جن میں سیٹ پر تاخیر اور غیر ضروری مداخلت جیسے معاملات شامل تھے۔

مزید برآں، ناصر ادیب نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ شان شاہد نے بھارت میں کام نہ کرنے کے بیان پر پذیرائی حاصل کی، حالانکہ ان کے بقول معاوضے سے متعلق معاملات طے نہ ہونے کے باعث منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔

ناصر ادیب نے طنزیہ انداز میں کہا کہ مضبوط کہانی اور باصلاحیت لکھاری کے بغیر کامیاب فلم بنانا آسان نہیں۔

دوسری جانب شان شاہد کی طرف سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

جواب دیں

Back to top button