
بھارت نے دفاعی بجٹ میں 15 فیصد اضافہ کر دیا، 85 ارب ڈالر سے زائد مختص
2026 کے بجٹ میں بھارتی افواج کی تنخواہوں، پنشن اور جدید دفاعی سازوسامان کے لیے خطیر رقم رکھی گئی
بھارت نے دفاعی بجٹ میں 15 فیصد اضافہ کر دیا، 2026 میں 85 ارب ڈالر سے زائد مختص
بھارت کا جنگی جنون کم نہ ہو سکا اور مودی حکومت نے دفاعی اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ بھارتی حکومت نے 2026 کے بجٹ میں دفاع کے لیے 85 ارب ڈالر سے زائد رقم مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 15 فیصد زیادہ ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دفاعی بجٹ میں فوجی اہلکاروں کی تنخواہیں، پنشنز، جدید ہتھیاروں کی خریداری اور دفاعی سازوسامان کی اپ گریڈیشن شامل ہے، جس سے خطے میں اسلحہ کی دوڑ میں مزید تیزی آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی افواج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 2 اعشاریہ 19 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن کا مقصد فوج، فضائیہ اور بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت کی جانب سے دفاعی بجٹ میں مسلسل اضافہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک اس فیصلے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔







