
فرح خان کا بالی ووڈ میں قدرتی خوبصورتی پر دلچسپ تبصرہ، ایشوریا رائے کا ذکر
فرح خان نے مذاقاً کہا کہ موجودہ دور میں بالی ووڈ میں شاید ایشوریا رائے بچن کے سوا کوئی ایسی اداکارہ نہیں جسے مکمل طور پر قدرتی خوبصورتی کی مثال کہا جا سکے۔
بالی ووڈ کی مشہور کوریوگرافر اور فلم ساز فرح خان نے حال ہی میں فلم انڈسٹری میں خوبصورتی کے بدلتے ہوئے معیار پر دلچسپ خیالات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تازہ یوٹیوب وی لاگ میں فرح خان نے قدرتی خوبصورتی اور پلاسٹک سرجری کے بڑھتے ہوئے رجحان پر کھل کر گفتگو کی۔
وی لاگ کے دوران جب ان کے باورچی دلیپ کمار نے ان کی چمکدار جلد کی تعریف کی تو فرح خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ سب ان کی قدرتی چمک اور نیچرل بیوٹی کا کمال ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں بالی ووڈ میں رائج بیوٹی اسٹینڈرڈز پر طنز بھی کیا۔
فرح خان نے مذاقاً کہا کہ موجودہ دور میں بالی ووڈ میں شاید ایشوریا رائے بچن کے سوا کوئی ایسی اداکارہ نہیں جسے مکمل طور پر قدرتی خوبصورتی کی مثال کہا جا سکے۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کی۔
اسی وی لاگ میں فرح خان نے اپنے آئندہ فلمی منصوبوں کے حوالے سے بھی اہم انکشاف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ رواں سال کے اختتام تک نئی فلم پر کام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، خاص طور پر اس وقت جب ان کے بچے کالج کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔
فرح خان نے مزید کہا کہ اگر وہ بطور ہدایتکارہ واپسی کرتی ہیں تو صرف شاہ رخ خان کے ساتھ فلم بنائیں گی، بصورت دیگر وہ یوٹیوب پلیٹ فارم پر ہی اپنا تخلیقی سفر جاری رکھیں گی۔



