شوبز

اسٹیج پر بدتمیزی اور فحش اشارے، مونی رائے کا کرنال واقعے پر شدید ردِعمل

تصاویر کے بہانے نامناسب حرکات، مونی رائے نے اسٹیج شو میں ہراسانی کا انکشاف کر دیا بزرگ افراد بھی شامل،

بھارتی ریاست ہریانہ میں منعقدہ ایک اسٹیج شو کے دوران معروف بالی ووڈ اداکارہ مونی رائے کو ہراسانی اور بدتمیزی کا سامنا کرنا پڑا۔ اداکارہ کے مطابق، تقریب کے دوران کچھ مرد شرکا نے نامناسب حرکات اور فحش اشارے کیے، جس سے وہ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہو گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ ہریانہ کے شہر کرنال میں پیش آیا جہاں مونی رائے ایک تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے موجود تھیں۔ اداکارہ نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر خاموشی توڑتے ہوئے بتایا کہ اسٹیج کی جانب جاتے ہوئے چند مردوں نے تصاویر بنانے کے بہانے انہیں غیر مناسب طریقے سے چھوا، جن میں عمر رسیدہ افراد بھی شامل تھے۔

مونی رائے نے انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنا درد بیان کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کے آغاز پر جب وہ اسٹیج کی طرف بڑھیں تو کچھ مرد، جو عمر کے اس حصے میں تھے کہ دادا بن سکتے ہیں، بار بار ان کی کمر پر ہاتھ رکھنے لگے۔ اداکارہ کے مطابق، جب انہوں نے اس عمل پر اعتراض کیا اور ہاتھ ہٹانے کا کہا تو صورتحال مزید خراب ہو گئی۔

اداکارہ نے بتایا کہ اسٹیج کے سامنے کھڑے چند افراد نازیبا جملے کس رہے تھے اور فحش اشارے کر رہے تھے۔ انہوں نے پہلے شائستگی سے منع کیا، مگر جواب میں ان پر پھول پھینکے گئے اور بدتمیزی کا سلسلہ جاری رہا۔ مونی رائے کا کہنا ہے کہ پرفارمنس کے دوران وہ اسٹیج چھوڑنے پر مجبور ہو گئیں، تاہم پیشہ ورانہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے واپس آ کر شو مکمل کیا، لیکن اس کے باوجود ہراسانی بند نہ ہوئی اور منتظمین نے بھی کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا۔

مونی رائے نے اس واقعے کو نہایت تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نئی اداکاراؤں کے بارے میں شدید فکرمند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک معروف اداکارہ کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے تو ان لڑکیوں کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا جو اس انڈسٹری میں نئی ہیں۔ اداکارہ نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اس قسم کے ناقابلِ قبول رویے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ فنکار اپنے فن کے ذریعے باعزت روزی کمانا چاہتے ہیں اور ایسے واقعات پورے معاشرے کے لیے شرم کا باعث ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہی سلوک ان لوگوں کی اپنی بیٹیوں یا بہنوں کے ساتھ کیا جائے تو انہیں کیسا محسوس ہوگا۔

ایک اور اسٹوری میں مونی رائے نے انکشاف کیا کہ اسٹیج اونچائی پر ہونے کے باوجود کچھ افراد نیچے سے نازیبا زاویوں سے ویڈیوز بنا رہے تھے، اور روکنے پر بدزبانی کی گئی۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنے ملک اور ثقافت سے محبت کرتی ہیں، مگر اس طرح کا رویہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

واضح رہے کہ مونی رائے نے گزشتہ برس فلم ’دی بھوتنی‘ میں سنجے دت اور سنی سنگھ کے ساتھ کام کیا تھا، جبکہ حال ہی میں وہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہونے والی جاسوسی تھرلر ویب سیریز ’صلاح کار‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

Back to top button