
جنگ عظیم دوم کے 107 سالہ فوجی نے طویل زندگی کا راز بتا دیا
انہوں نے بتایا کہ ماضی میں ’کوڈ‘ یا ’ہیک‘ نامی مچھلی زیادہ استعمال ہوتی تھی
برطانیہ کے علاقے ویلز کے ممکنہ معمر ترین شخص اور دوسری جنگِ عظیم کے سابق فوجی اوون فائلر نے 107 سال کی عمر میں طویل اور خوش گوار زندگی کا راز بتایا ہے۔
اوون فائلر نے کہا ہے کہ مجھے مچھلی اور چپس کھانا ہمیشہ پسند رہا ہے اور میں اسے اپنی طویل عمر کی ایک وجہ سمجھتا ہوں، میں نے کبھی ضرورت سے زیادہ کھانا نہیں کھایا اور ہمیشہ مناسب مقدار میں بہتر غذاء کا استعمال کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماضی میں ’کوڈ‘ یا ’ہیک‘ نامی مچھلی زیادہ استعمال ہوتی تھی، اب یہ کافی مہنگی ہو گئی ہے۔
اوون فائلر کا کہنا ہے کہ 100 سال سے زیادہ عمر پانے کا کوئی جادوئی نسخہ نہیں بلکہ پوری زندگی محنت کرنا، سادہ زندگی گزارنا اور اپنے معمولات درست رکھنا ہی اصل راز ہے۔
انہوں نے کہا کہ 14 سال کی عمر میں، میں نے تعلیم چھوڑنے کے بعد محنت مزدوری شروع کی اور دوسری جنگ عظیم کے دوران فوج میں خدمات انجام دیں، میں رائل ویلش فیوزیلیئرز اور فوجی پولیس کے ساتھ وابستہ رہا اور جنگِ عظیم کے دوران بھارت میں بھی ڈیوٹی انجام دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اوون فائلر کے اہلِ خانہ اور دوستوں کا کہنا ہے کہ اوون آج بھی روزانہ صبح ایک مقصد کے ساتھ اٹھتے ہیں، صاف کپڑے پہنتے اور ٹائی لگاتے ہیں اور اپنے جوتے خود پالش کرتے ہیں۔
اوون فائلر کے مطابق روزانہ کے باقاعدہ معمولات، محنت اور سادہ طرز زندگی نے مجھے خوش گوار زندگی گزارنے میں مدد دی ہے۔







