
حکمرانوں کی کفایت شعاری کی پالیسیاں محض ایک دھوکا اور فراڈ ہیں
وزراء، جرنیلوں اور بیوروکریسی کو حاصل مفت پٹرول اور تمام شاہانہ مراعات فوری طور پر ختم کی جائیں ۔
جماعتِ اسلامی منصورہ پی پی 160 کے زیرِ اہتمام ایک پروقار عید ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد اور کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی امیر جماعتِ اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ تھے۔ اس موقع پر رہنما جماعتِ اسلامی محمد شفیق، عبدالعزیز عابدو دیگر قائدین موجود تھے۔
تقریب کے دوران بچوں اور نوجوانوں کے مابین پش اپس اور تقریری مقابلے بھی منعقد کروائے گئے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے اور اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ہی ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تقریب میں اپنے خطاب میں ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی کفایت شعاری کی پالیسیاں محض ایک دھوکا اور فراڈ ہیں۔
ایک طرف عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، تو دوسری طرف حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں مگن ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزراء، جرنیلوں اور بیوروکریسی کو حاصل مفت پٹرول اور تمام شاہانہ مراعات فوری طور پر ختم کی جائیں اور معاشی بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے اشرافیہ خود برداشت کرے۔مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امیرِ لاہور نے کہا کہ ایران نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام نہاد سپر پاورز کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پوری پاکستانی قوم ایرانی عوام اور ان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ وہ غیرت و حمیت کا مظاہرہ کریں اور اس جنگ میں محض تماشائی بننے کے بجائے مظلوموں کی حمایت میں فعال کردار ادا کریں۔امیر لاہور نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں۔







