
وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے یکم اپریل سے دوبارہ کھول دیے جائیں گے اور تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہوں گی۔
اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس نوٹیفکیشن کو مکمل طور پر جعلی قرار دیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تعلیمی ادارے ہفتے میں صرف چار دن کھلیں گے۔
رانا سکندر حیات نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ تمام اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں ہفتے میں پانچ دن کھلی رہیں گی اور طلبہ کو باقاعدہ کلاسز میں شرکت کرنا ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تدریسی عمل مکمل طور پر فزیکل ہوگا اور حکومت کی جانب سے نہ تو ہائبرڈ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے اور نہ ہی آن لائن کلاسز کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے۔
وزیرِ تعلیم کے مطابق یکم اپریل سے تعلیمی اداروں میں تمام سرگرمیاں معمول کے شیڈول کے مطابق پانچ دن جاری رہیں گی اور طلبہ کو پابندی کے ساتھ تعلیمی اداروں میں حاضر ہونا ہوگا۔







