ٹائٹلعالمی امور

اسرائیل میں تباہی پر مقامی میئرز کا احتجاج: حزب اللہ کے حملوں نے شمالی علاقے تباہ ہو گئے

مارگالیوت اور کیریت شمونہ کے میئرز آبدیدہ، نیتن یاہو حکومت پر شدید تنقید، شہریوں کو عدم تحفظ کا سامنا

ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں سے متعلق ویڈیوز پر پابندیوں کے باوجود اسرائیل کے شمالی علاقوں میں ہونے والی تباہی کی تفصیلات مقامی حکام کی جانب سے سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔

لبنانی سرحد کے قریب واقع علاقے مارگالیوت کے میئر نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران جذباتی انداز میں صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ حملوں میں علاقہ شدید متاثر ہوا ہے اور بنیادی ڈھانچہ تباہی کا شکار ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی جانب سے خاطر خواہ حمایت نظر نہیں آ رہی۔

میئر نے مغربی ممالک سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کریں اور اسرائیل کی مدد کے لیے عملی اقدامات کریں۔

دوسری جانب شمالی اسرائیل کے شہر کیریت شمونہ کے میئر ایویچائی اسٹرن نے بھی حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور مسلسل حملوں کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہو چکے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ متعدد شہری علاقے چھوڑ چکے ہیں جبکہ باقی رہنے والوں کو بھی مسلسل خطرات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق بمباری کے باعث شہریوں کو بار بار شیلٹرز میں پناہ لینا پڑ رہی ہے اور بروقت وارننگ کا نظام بھی ناکافی ثابت ہو رہا ہے۔

میئر نے انسانی پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ، بیمار افراد اور بچے شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ہنگامی صورتحال میں فوری محفوظ مقام تک پہنچنا اکثر ممکن نہیں ہوتا۔

مقامی حکام کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی اور انسانی صورتحال مزید پیچیدہ ہو چکی ہے، جس پر اندرون ملک بھی بحث تیز ہو گئی ہے۔

جواب دیں

Back to top button