
ایران میں امریکی و اسرائیلی فضائی حملے: قم اور تہران میں جانی و مالی نقصان
قم میں تین گھروں پر حملے، 6 افراد جاں بحق؛ تہران میں عمارتیں تباہ، ملبے تلے افراد کی تلاش جاری
ایران میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف شہروں میں جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قم میں تین رہائشی گھروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حملے کے بعد متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
ادھر ہلالِ احمر کے مطابق دارالحکومت تہران بھی فضائی حملوں کی زد میں آیا ہے، جہاں متعدد عمارتیں شدید نقصان کا شکار ہوئی ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن میں مصروف ہیں۔
مزید اطلاعات کے مطابق تہران میں پاکستانی سفارت خانے اور سفیر کی رہائش گاہ کے قریب بھی بمباری کی گئی ہے، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے کے قریب ایرانی فوج کا ایک اہم مرکز واقع ہے، جبکہ پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو پاسداران کے علاقے میں قیام پذیر ہیں۔
صورتحال پر مقامی اور بین الاقوامی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ امدادی ادارے متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔







