
ایران کی وارننگ: بجلی گھروں پر حملہ ہوا تو امریکی بجلی تنصیبات نشانہ بنیں گی
ٹرمپ کے بیان کے بعد ایرانی عسکری قیادت کا سخت ردعمل، خطے میں توانائی اور آئی ٹی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکی
امریکی صدر Donald Trump کی جانب سے ایران کے بجلی گھروں سے متعلق بیان کے بعد ایرانی عسکری قیادت کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
ایران کے ختم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی بجلی گھروں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے جواب میں پورے خطے میں امریکی توانائی تنصیبات کو ہدف بنایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ممکنہ ردعمل کے دوران خطے کے آئی ٹی انفراسٹرکچر اور ڈی سیلینیشن پلانٹس بھی نشانے پر آسکتے ہیں، جس سے وسیع پیمانے پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکی فوج ایران کے بجلی گھروں کو مختصر وقت میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم اس اقدام سے بڑے پیمانے پر تباہی اور انسانی بحران پیدا ہو سکتا ہے، اسی لیے وہ اس سے گریز کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تہران کے کئی اہم انفراسٹرکچر کو جان بوجھ کر نشانہ نہیں بنایا گیا، کیونکہ اس کی بحالی میں طویل وقت درکار ہوگا اور اس کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔







