
ایران کے ساتھ کشیدگی: امریکی فوجی طیاروں کو بھاری نقصان، متعدد ڈرونز تباہ
رپورٹ کے مطابق جنگی کارروائیوں کے دوران ریپر ڈرونز اور ری فیولنگ طیارے بھی نشانہ بنے، کچھ واقعات کو فرینڈلی فائر قرار دیا گیا
امریکی خبر رساں ادارے Bloomberg کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور ممکنہ عسکری کارروائیوں کے دوران امریکا کو فضائی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 16 امریکی فضائی اثاثے تباہ ہو چکے ہیں، جن میں 10 ریپر اسٹرائیک ڈرونز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 6 دیگر جنگی طیارے شدید متاثر ہوئے، تاہم انہیں مکمل طور پر تباہ شدہ طیاروں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تین امریکی جنگی طیارے کویت کی فضاؤں میں حادثے کا شکار ہوئے، جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق انہیں ممکنہ طور پر “فرینڈلی فائر” کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی طرح ایک کے سی 135 ری فیولنگ طیارہ فضاء میں ایندھن کی منتقلی کے دوران تباہ ہوا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار عملے کے چھ ارکان ہلاک ہو گئے۔
مزید برآں پانچ کے سی 135 طیاروں کو سعودی عرب کے ایک ایئر بیس پر میزائل حملے میں نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے بغیر پائلٹ کے چلنے والے ریپر ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں سے نو کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ ایک ڈرون کو اردن میں بیلسٹک میزائل کے ذریعے مار گرایا گیا۔
ماہرین کے مطابق اس قسم کی رپورٹس خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور فضائی دفاعی چیلنجز کی عکاسی کرتی ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آ سکی۔







