
ایران نے امریکا میں منعقد ہونے والے رواں سال کے فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومتی حکام کے مطابق موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے باعث ایران کے لیے اس عالمی ایونٹ میں حصہ لینا ممکن نہیں۔
ایرانی وزیر کھیل احمد دنیا مالی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خطے میں حالیہ کشیدگی اور بدلتے حالات کے پیش نظر ایران فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات اور امریکا کے اقدامات کے بعد حالات ایسے نہیں رہے کہ ایرانی ٹیم عالمی سطح کے اس بڑے ٹورنامنٹ میں شرکت کر سکے۔
ایرانی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں کھلاڑیوں اور ٹیم کے دیگر ارکان کی سکیورٹی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، اس لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایران اس بار ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایرانی عوام اور کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اسی وجہ سے عالمی مقابلوں میں شرکت کے فیصلے کو مؤخر کیا گیا ہے۔







