
ایران کے خلیج میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے، 100 فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق کویت اور بحرین میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک 37 مرحلوں میں حملے کیے جا چکے ہیں۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 100 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کا ہدف کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات تھیں۔ ان میں العدیری ہیلی کاپٹر بیس، محمد الاحمد نیول بیس اور علی السالم ایئر بیس شامل بتائے گئے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کے دوران کم از کم 100 امریکی فوجی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر کویت کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ایرانی بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ بحرین میں قائم امریکی بحری اڈے کو بھی میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پر 37 مرحلوں میں میزائل اور ڈرون حملے کیے جا چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ کارروائیاں اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو ہدف بنا کر کی گئی ہیں۔







