
بین اسٹلر کا وائٹ ہاؤس سے احتجاج، ایران حملوں کی ویڈیو میں فلم ’ٹراپک تھنڈر‘ کا کلپ استعمال کرنے پر اعتراض
ہالی ووڈ اداکار کا کہنا ہے کہ فلم کا منظر اجازت کے بغیر استعمال کیا گیا، ہم کسی جنگی پروپیگنڈا مہم کا حصہ نہیں بننا چاہتے
ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلم ساز بین اسٹلر نے وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایران پر حملوں سے متعلق جاری کی گئی ایک سوشل میڈیا ویڈیو میں اپنی فلم کا کلپ استعمال کرنے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے اسے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر تقریباً 42 سیکنڈ پر مشتمل ایک ویڈیو جاری کی جس کا عنوان “Justice the American Way” رکھا گیا۔ اس ویڈیو میں حقیقی فوجی کارروائیوں کی فوٹیج کے ساتھ ہالی ووڈ فلموں اور ویڈیو گیمز کے مناظر کو بھی شامل کیا گیا۔
ویڈیو میں مختلف مشہور فلموں اور سیریز کے مناظر دکھائے گئے جن میں آئرن مین، ٹاپ گن، بریو ہارٹ، گلیڈی ایٹر، بریکنگ بیڈ اور جان وِک کے سین شامل تھے، جبکہ ساتھ ہی امریکی فوجی حملوں کی اصل ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔
اسی ویڈیو میں 2008 کی طنزیہ فلم “ٹراپک تھنڈر” کا ایک کلپ بھی شامل کیا گیا جس پر بین اسٹلر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس کے استعمال کے لیے نہ تو اجازت لی گئی اور نہ ہی وہ کسی جنگی پروپیگنڈا مہم کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔
بین اسٹلر کا کہنا تھا کہ “ہم نے اس کے استعمال کی اجازت نہیں دی، جنگ کوئی فلم نہیں ہوتی۔”
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ویڈیو میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی ایک بریفنگ کا مختصر حصہ بھی شامل کیا گیا تھا۔ مزید برآں ایک منظر میں فلم ٹرانسفارمرز کا کمپیوٹر سے تیار کردہ کردار بھی دکھایا گیا۔
دریں اثنا وائٹ ہاؤس کی ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں مقبول ویڈیو گیم “گرینڈ تھیفٹ آٹو (GTA)” کا ایک مشہور مگر متنازع ڈائیلاگ استعمال کرتے ہوئے ایران پر حملوں کی فوٹیج شامل کی گئی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس اقدام پر بحث شروع ہو گئی ہے۔







