ٹائٹلعالمی امور

ایران نے امریکی تھاڈ میزائل دفاعی نظام کا 300 ملین ڈالر مالیت کا ریڈار تباہ کر دیا: رپورٹ

سیٹلائٹ تصاویر اور امریکی عہدیدار کی تصدیق کے مطابق اردن کے موفق السلطي ایئر بیس پر نصب اہم AN/TPY-2 ریڈار سسٹم حملے میں تباہ، خطے کے میزائل دفاع پر اثرات کا خدشہ

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے خلیجی خطے میں امریکی میزائل دفاعی نظام کے لیے استعمال ہونے والا تقریباً 300 ملین ڈالر مالیت کا اہم ریڈار سسٹم تباہ کر دیا ہے، جس کی تصدیق ایک امریکی عہدیدار نے بھی کی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ ریڈار سسٹم AN/TPY-2 تھا جو امریکی تھاڈ (THAAD) میزائل دفاعی نظام کا بنیادی حصہ سمجھا جاتا ہے اور خطے میں آنے والے ممکنہ بیلسٹک میزائل حملوں کی بروقت نشاندہی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکی دفاعی کمپنی RTX کارپوریشن کی تیار کردہ یہ تنصیب اور اس سے متعلق معاون آلات اردن کے موفق السلطي ایئر بیس پر جنگ کے ابتدائی دنوں میں تباہ ہو گئے تھے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے سیٹلائٹ تصاویر کا حوالہ دیتے ہوئے اس واقعے کی خبر دی تھی، جس کے بعد ایک امریکی اہلکار نے بھی اس نقصان کی تصدیق کر دی۔

تھنک ٹینک فاؤنڈیشن فار ڈیفنس آف ڈیموکریسیز کے مطابق اردن میں ایران کے دو حملوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ پہلا حملہ 28 فروری جبکہ دوسرا 3 مارچ کو رپورٹ ہوا تھا۔ ابتدائی معلومات میں کہا گیا تھا کہ ان حملوں کو اس وقت ناکام بنا دیا گیا تھا۔

ادارے کے سینٹر آن ملٹری اینڈ پولیٹیکل پاور کے نائب ڈائریکٹر ریان بروبسٹ کے مطابق اگر ایرانی حملے میں تھاڈ ریڈار واقعی تباہ ہوا ہے تو یہ ایران کی جانب سے حالیہ حملوں میں ایک بڑی کامیابی تصور کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی فوج اور اس کے اتحادیوں کے پاس دیگر ریڈار سسٹمز بھی موجود ہیں جو فضائی اور میزائل دفاع کی نگرانی جاری رکھ سکتے ہیں، اس لیے ایک ریڈار کے نقصان کے باوجود مکمل دفاعی نظام متاثر ہونے کا امکان کم ہے۔

ماہرین کے مطابق AN/TPY-2 ریڈار کے تباہ ہونے کے بعد میزائل دفاع کی ذمہ داری زیادہ تر پیٹریاٹ دفاعی نظام پر منتقل ہو سکتی ہے، جبکہ PAC-3 میزائل پہلے ہی محدود تعداد میں دستیاب ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکا کے پاس اس وقت دنیا بھر میں 8 تھاڈ سسٹمز موجود ہیں، جن میں جنوبی کوریا اور گوام میں نصب نظام بھی شامل ہیں۔

دفاعی امور کے تحقیقی ادارے سینٹر فار اسٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے مطابق ایک مکمل تھاڈ بیٹری کی قیمت تقریباً 1 ارب ڈالر ہوتی ہے، جبکہ اس میں استعمال ہونے والے ریڈار سسٹم کی مالیت تقریباً 300 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے۔

جواب دیں

Back to top button