
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: پاکستان کی امریکا کے خلاف شاندار فتح، مسلسل دوسری کامیابی حاصل
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے ایونٹ میں اپنی مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں امریکی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا، جہاں صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے ابتدائی اوورز میں ہی امریکی بولرز پر دباؤ ڈال دیا۔ دونوں اوپنرز نے صرف پانچ اوورز میں ٹیم کا اسکور 50 تک پہنچا دیا۔ اس دوران صاحبزادہ فرحان نے 3 چھکے اور 4 چوکے جبکہ صائم ایوب نے 3 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔
پہلی وکٹ 54 رنز پر گری جب صائم ایوب 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے فوراً بعد کپتان سلمان علی آغا بھی صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے اور مجموعی اسکور 56 ہوگیا۔
تیسری وکٹ پر صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالا۔ فرحان نے 27 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور دونوں کھلاڑیوں نے 12ویں اوور میں ٹیم کے 100 رنز پورے کیے۔ دونوں کے درمیان 81 رنز کی اہم شراکت داری بنی، جو بابر اعظم کے 46 رنز پر آؤٹ ہونے کے ساتھ ختم ہوئی۔
کچھ ہی دیر بعد صاحبزادہ فرحان بھی 73 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد شاداب خان نے مختصر مگر دھواں دار اننگز کھیلی اور صرف 12 گیندوں پر 30 رنز بنا کر اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔ محمد نواز کے ساتھ ان کی شراکت داری 34 رنز کی رہی۔
پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز کا مضبوط مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا۔
امریکی بولنگ میں شیڈلے وین شواک ویک نمایاں رہے جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سورابھ نیٹراوالکر، محمد محسن اور ہرمیت سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
امریکا کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں امریکا کی شروعات مناسب رہی، تاہم پہلی وکٹ 42 رنز پر گرگئی۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ چوتھی وکٹ پر 54 رنز کی شراکت داری نے امریکا کو سہارا دینے کی کوشش کی، لیکن پاکستانی بولرز نے بہترین کم بیک کرتے ہوئے امریکی بیٹنگ لائن کو 158 رنز تک محدود کردیا۔
امریکی ٹیم کی جانب سے شبھم رنجانے نے 51 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ شایان جہانگیر 49 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔
پاکستان کی طرف سے عثمان طارق نے 3 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 2 جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
صاحبزادہ فرحان کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پوائنٹس ٹیبل اور کوالیفکیشن صورتحال
اس کامیابی کے بعد پاکستان کے پوائنٹس چار ہوگئے ہیں اور سپر 8 مرحلے میں رسائی کے امکانات مزید مضبوط ہوگئے ہیں۔
ٹیم میں تبدیلی
میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سلمان مرزا کی جگہ عثمان طارق کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون:
سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد، عثمان طارق
امریکا کی پلیئنگ الیون:
موناک پٹیل (کپتان)، ایندریس گوس، شایان جہانگیر، ملند کمار، سنجے کرشناموتھی، شبھم رنجانے، ہرمیت سنگھ، محمد محسن، شیڈلے وین شواک ویک، احسان عادل، سورابھ نیٹراوالکر
ایونٹ کا پس منظر
یہ دونوں ٹیموں کا ٹورنامنٹ میں دوسرا میچ تھا۔ اس سے قبل پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دی تھی جبکہ امریکا کو بھارت کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔







