
ایمرجنگ مارکیٹس سمٹ: پاکستان اور ایران کے وزرائے خزانہ کی ملاقات، تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
سعودی عرب کے شہر العلا میں ہونے والی ملاقات میں سینیٹر محمد اورنگزیب اور سید علی مدنی زادہ نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر بات چیت کی۔
ایمرجنگ مارکیٹس سمٹ: پاکستان اور ایران کے وزرائے خزانہ کی ملاقات، تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان کی وزارتِ خزانہ کی جانب سے اتوار کی شام جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کے شہر العلا میں منعقدہ ایمرجنگ مارکیٹس سمٹ کے موقع پر ایران کے وزیر خزانہ سید علی مدنی زادہ سے ملاقات کی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ قیادت کے وژن اور رہنمائی کے مطابق باہمی تجارت کے حجم میں اضافے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرائے خزانہ نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے پائیدار اقتصادی تعاون، تجارتی سہولت کاری اور تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے عملی طریقوں کا جائزہ لیا۔
ایرانی وزیر خزانہ سید علی مدنی زادہ نے سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایران میں موجود مختلف مواقع اور گنجائشوں کی نشاندہی کی، جس کا پاکستانی وزیر خزانہ نے مثبت انداز میں خیرمقدم کیا۔
بات چیت کے دوران سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے ایرانی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جبکہ ایرانی وزیر خزانہ نے پاکستانی وزیر خزانہ کو تہران آنے کی دعوت دی۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق، سید علی مدنی زادہ ہفتے کے روز ایک وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں انہوں نے دوسری ایمرجنگ مارکیٹس سمٹ میں شرکت کے ساتھ ساتھ مختلف دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔







