
پاکستانی شوبز میں کالا جادو؟ اداکار و ماہرِ نجوم راجہ حیدر کا چونکا دینے والا دعویٰ
مشک اور جانِ جہاں جیسے کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری سے پہچان بنانے والے راجہ حیدر نہ صرف اداکار ہیں
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار اور ماہرِ نجوم راجہ حیدر نے شوبز حلقوں میں مبینہ طور پر کالے جادو کے استعمال سے متعلق ایک حیران کن انکشاف کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض عناصر معروف پاکستانی اداکاراؤں، خاص طور پر ڈراما انڈسٹری کی ہیروئنز کے خلاف ایسے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
مشک اور جانِ جہاں جیسے کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری سے پہچان بنانے والے راجہ حیدر نہ صرف اداکار ہیں بلکہ وہ ایک یوٹیوب چینل کے ذریعے نجومی مشاورت اور ستاروں سے متعلق پیش گوئیاں بھی کرتے ہیں۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں کام کرنے والی صفِ اول کی اداکاراؤں کو درپیش بعض غیر معمولی مسائل پر کھل کر بات کی۔
راجہ حیدر کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر، ماہرہ خان اور صبا قمر جیسی اداکارائیں نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں، جس کے باعث بعض اوقات انہیں منفی رویّوں اور سازشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس بعض لوگ ذاتی مستقبل جاننے کے علاوہ مشہور اداکاراؤں پر کالا یا براؤن میجک کروانے کی درخواست بھی لے کر آتے ہیں۔ اداکار کے مطابق حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ایسے افراد کا تعلق بھی اکثر شوبز انڈسٹری سے ہی ہوتا ہے۔
راجہ حیدر نے بتایا کہ جدید دور میں اس نوعیت کے مبینہ عمل لپ اسٹک، موبائل فونز اور دیگر ذاتی اشیاء کے ذریعے کیے جانے کے دعوے بھی سامنے آتے ہیں، جو انتہائی تشویشناک ہیں۔
اداکار نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی اس طرح کی کسی درخواست کو قبول نہیں کیا، تاہم بعض افراد اس معاملے میں بضد ہوتے ہیں اور انکار پر کسی اور سے رجوع کرنے کی بات کرتے ہیں۔
ان کے مطابق یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ شوبز انڈسٹری میں کامیاب فنکاروں کے خلاف منفی سرگرمیوں کے رجحانات موجود ہیں، جن کا مقصد آگے بڑھتے ہوئے کیریئر کو نقصان پہنچانا ہوتا ہے۔







