پاکستانٹائٹل

بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 مکمل، 216 دہشت گرد ہلاک، سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی

پنجگور اور ہرنائی میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں، بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کو شدید نقصان، 22 سیکیورٹی اہلکار شہید

بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 مکمل، سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں جاری آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔ کارروائیاں پنجگور اور ہرنائی کے مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بنیادوں پر کی گئیں، جہاں 216 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران بھارت سے منسلک پراکسی نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچایا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو بھی مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے غیر ملکی اسلحہ، بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد اور جدید تکنیکی آلات برآمد ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو بیرونی سہولت کاری اور لاجسٹک سپورٹ حاصل ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں میں 36 معصوم شہری شہید ہوئے، جبکہ مادرِ وطن کے دفاع میں 22 سیکیورٹی اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ قوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔


بیرونی پشت پناہی سے ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے: صدر مملکت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آپریشن ردالفتنہ-1 کی کامیاب تکمیل پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث فتنہ الہندوستان کی سازش کو ناکام بنایا گیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو ریاستی ترجیحات میں سرفہرست رکھا گیا ہے، جبکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز سے دہشت گرد نیٹ ورکس کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ انہوں نے شہید شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔


قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن ردالفتنہ کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے 216 دہشت گردوں کے خاتمے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔

وزیراعظم نے کارروائیوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 36 شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور 22 شہید سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنایا جائے گا اور قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


بلوچستان میں بدامنی کی سازش ناکام، سیکیورٹی فورسز کو سلام: وزیر داخلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں آپریشن کی تکمیل پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 216 دہشت گردوں کا خاتمہ ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کی سازش کو ناکام بنایا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہداء ہماری پہچان اور فخر ہیں، اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

Back to top button