پاکستان

لاہور میں پتنگ کی ڈور کا ایک اور حادثہ، 19 سالہ نوجوان شدید زخمی

خالق نگر کاہنہ میں پتنگ بازی کے دوران فیصل منظور ڈور کی زد میں آ گیا، لاہور جنرل ہسپتال منتقل، 14 ٹانکے لگے

پتنگ کی ڈور کا ایک اور حادثہ، 19 سالہ نوجوان زخمی

لاہور کے علاقے خالق نگر کاہنہ میں پتنگ بازی کے دوران ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 19 سالہ نوجوان فیصل منظور پتنگ کی خطرناک ڈور کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے فوراً بعد زخمی نوجوان کو لاہور جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق فیصل منظور کے جسم پر گہری چوٹیں آئیں، جس پر ڈاکٹرز نے 14 ٹانکے لگائے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ زیرِ علاج ہے۔

واقعے نے ایک بار پھر پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی ڈور کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آیا یہ ڈور پنجاب حکومت کی جانب سے بنائے گئے قوانین کے مطابق تھی یا نہیں؟ اگر نہیں تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایسی خطرناک سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟

شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پتنگ بازی اور کیمیکل ڈور کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button