
ایران جوہری معاہدے کے لیے تیار، علاقائی امن و استحکام پر زور
عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران منصفانہ معاہدے کے لیے پابندیوں کے خاتمے اور جوہری ہتھیاروں کی ممانعت کی ضمانت چاہتا ہے، ترک قیادت سے ملاقات میں تعاون پر تبادلہ خیال
ایران جوہری معاہدے کے لیے تیار، علاقائی تعاون پر زور: عباس عراقچی
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران ایک منصفانہ اور متوازن جوہری معاہدے کے لیے تیار ہے، جس میں جوہری ہتھیاروں کی ممانعت اور پابندیوں کے خاتمے کی واضح ضمانت شامل ہونی چاہیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات کی، جس میں ایران-ترکی تعلقات اور خطے کے اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
عباس عراقچی نے زور دیا کہ ایران نے کبھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی اور خطے میں امن و استحکام میں مثبت کردار ادا کرنے پر ترکی اور دیگر ہمسایہ ممالک کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران ہمیشہ علاقائی ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی جارحیت کو روکا جا سکے اور خطے میں سلامتی و استحکام قائم رکھا جا سکے۔







